پٹنہ ،07؍اپریل(ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) بہار میں حکمران گٹھ بندھن کی اتحادی پارٹی بی جے پی نے انتظامیہ پر مختلف اضلاع میں حالیہ فرقہ وارانہ تشدد کے بعد اکثریتی کمیونٹی کے لوگوں کے خلاف جانبدار طریقے سے کارروائی کرنے کا الزام لگایا ہے۔بی جے پی کے ریاستی نائب صدر دیویش کمار، ارون کمار سنہا، ممبر اسمبلی سنجیو چورسیا اور میڈیا انچارج پنکج سنگھ کے وفد نے جمعہ کو پولیس ڈائریکٹر جنرل کے ایس درویدی کو دیے گئے ایک میمو میں یہ الزام لگایا۔پنکج سنگھ نے ایک پریس ریلیز میں بتایاکہ میمو میں یہ کہا گیا ہے کہ اورنگ آباد، نالندہ اور سمستی پور جیسے اضلاع میں اکثریت کمیونٹی نے اقلیتی کمیونٹی کے سماج دشمن عناصر کی اکساوے کی کارروائیوں کے بعد ہی حملہ کیا۔بی جے پی وفد نے یہ بھی الزام لگایا کہ رامنومی میں واقعات کے بعد بڑی تعداد میں اکثریت کمیونٹی کے لوگوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ انتظامیہ نے اقلیتوں کے تئیں نرمی برتی۔بی جے پی وفد نے تمام معصوم لوگوں کو رہاکرنے اور ان واقعات کے دوران پولیس کی جانب سے اپنائے گئے مبینہ جانبدار موقف کی اعلی سطحی جانچ کی مانگ کی۔بجٹ سیشن کے دوران ریاست اسمبلی میں آر جے ڈی، کانگریس اور سی پی آئی (مالے)نے ریاست میں فرقہ وارانہ تشدد کا مسئلہ کئی بار اٹھایا تھا۔ کئی موقعوں پر وزیر اعلی نتیش کمار نے فرقہ وارانہ تشدد پر دکھ کا اظہار کیا۔